فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ماموں کانجن کے علاقہ میں زہریلی چیز کھانے سے 2کمسن بچے زندگی کی بازی ہار گئے‘ تفصیل کے مطابق چک نمبر 556گ ب کے رہائشی رمضان کے تین سالہ بیٹے عبداﷲ اور شوکت کے پانچ سالہ بیٹے شان نے گزشتہ روز زہریلی چیز کھا لی جس سے ان کی حالت خراب ہوگئی دونوں بچوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر انہیں تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کرنے کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ دونوں بچے راستے ہی میں زندگی کی بازی ہار گئے ‘دونوں ننھے بچوں کی نعشیں ان کے گھروں میں پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی‘ دونوں بچوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ۔علاوہ ازیں ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق بچے شان علی اور عبداللہ گلی میں کھیلنے کے بعد اپنے گھر پہنچے تو گھر والوں کو پیٹ میں شدید درد کا کہا، دونوں بچوں نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں ٹافیاں سمجھ کر کھا لیں۔
ماموں کانجن میں زہریلی چیز کھانے سے 2 کمسن بچے جاں بحق
Apr 11, 2016