گوجرانوالہ + کامونکے (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) برف بنانے والے کارخانے میں سلنڈر دھماکے کے بعد چھت زمین بوس ہونے سے ملبے کے نیچے دب کر ایک مزدور جاں بحق جبکہ مالک اور اسکے بیٹے سمیت 3 زخمی ہوگئے۔ کامونکی کے علاقہ تولیکی روڈ محلہ شریف پورہ میں واقع برف بنانے والے کارخانے میں کام کے دوران اچانک سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کارخانے کی چھت زمین بوس ہونے سے کام میں مصروف مالک جاوید لطیف مغل، اسکا 26 سالہ بیٹا اویس اور محنت کش وقاص اور شوکت مغل ملبے کے نیچے دب گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے کے نیچے دبے افراد کو نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیاجہاں شوکت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اویس کو تشویشناک حالت کے باعث ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دیگر زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس نے فیکٹری مالک کے بھائی اور دو افراد کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہے۔ دوسری طرف واقعہ کے بعد کارخانے سے گیس لیک ہونے سے علاقہ میں اسکی بدبو پھیل گئی جس سے صحافیوں اور لوگوں کیلئے سانس لینا دشوار ہوگیا جبکہ اردگرد کے رہائشی حفاظتی طور پر گھروں سے دورچلے گئے۔
گوجرانوالہ : آئس فیکٹری میں سلنڈر دھماکہ‘ چھت گرنے سے مزدور جاں بحق، 3 زخمی
Apr 11, 2016