اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں فلسطین کے سفیر ولید ابو علی نے کہا ہے پاکستان میں فلسطین کا سفارت خانہ زیر تعمیر ہے ان شاء اﷲ رمضان سے قبل اسلام آباد میں فلسطین کا سفارت خانہ تیار ہو جائے گا توقع ہے کہ فلسطین کے صدر محمود عباس اور پاکستان کی اہم شخصیت مشترکہ طور پر سفارت خانہ کا افتتاح کریں گے‘ وقت نیوز کے پروگرام ’’ایمبیسی روڈ‘‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا پاکستان نے سفارت خانہ کی تعمیر کے لئے ایک ملین ڈالر دیا ہے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فلسطین کے سفیر نے کہا اس وقت مشرق وسطیٰ کے کئی اسلامی ممالک داخلی چیلنجوں کا شکار ہیں ان کی توجہ اپنے داخلی مسائل پر ہے عراق ‘ شام یمن ‘ تیونس اور کئی دوسرے ممالک داخلی مسائل میں الجھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اسرائیل کو شہ مل رہی ہے اور اس نے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے ولید ابو علی نے کہا ساری دنیا کے سامنے ایک ایک فلسطینی نوجوان کو اسرائیلی فوجی نے گولی ماری اور قریب کھڑی ایک اسرائیلی نرس کے بجائے طبی امداد دینے والے فلسطینی نوجوان کو اپنا پستول نکال کر مزید گولیاں ماریں اور اسے صرف اپنی یونٹ میں سات دن کے لئے قید کی سزا دی گئی‘ فلسطینی سفیر نے کہا امریکہ صدارتی انتخابات میں مصروف ہے اسرائیل کو اس وجہ سے فائدہ مل رہا ہے وہ مزید غیر قانونی بستیاں بنا رہے ہیں اور فلسطینیوں کی سرزمین پر قبضہ کر رہے ہیں بعض یورپی ملکوں نے جرات مندانہ فیصلے کئے ہیں اور انہوں نے یہودیوں کی فلسطین میں غیر قانونی بستیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیا ہے‘ جکارتہ میں ہونے والے او آئی سی کے حالیہ اجلاس کو فلسطین کے سفیر نے اہم قرار دیا اور کہا اس اجلاس میں پاکستان کے صدر ممنون حسین نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی‘ اعلٰی ترین سطح پر پاکستان کی نمائندگی ہوئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان فلسطین کو کتنی زیادہ اہمیت دیتا ہے وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ سال ستمبر میں اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں فلسطین کے مسئلہ کا کشمیر سے بھی پہلے ذکر کیا۔