لاہور (چودھری اشرف) لاہور چڑیا گھر سے سیر کیلئے آنے والے افراد کی سکیورٹی کیلئے مزید 62 لاکھ روپے کی لاگت سے 8 سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل مکمل سسٹم اور 6 عدد واک تھرو گیٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی لاہور چڑیا گھر میں سکیورٹی کیمرے نصب ہیں اس کے باوجود بھی سکیورٹی اداروں نے اسے ناکافی قرار دیکر مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس سلسلہ میں ٹینڈرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سی سی ٹی وی سسٹم کی فراہمی اور اس کی تنصیب کے لیے 25 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت 8 کیمروں پر مشتمل سسٹم لگایا جائے گا جبکہ اس سے قبل بھی لاہور چڑیا گھر کے داخلی راستوں کے علاوہ زیادہ رش والی جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جن کی تمام ریکارڈنگ دفتر میں موجود ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق چڑیا گھر کی سکیورٹی کے لیے پہلے ہی کافی کیمرے نصب ہیں مزید کیمروں کی ضرورت نہیں تاہم سیکورٹی اداروں کی جانب سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں مزید کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ دوسرے جانب چڑیا گھر کو محفوظ بنانے کے لیے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں 37 لاکھ روپے کی لاگت سے 6 عدد واک تھرو گیٹ خریدے جائیں گے جنہیں ایک ماہ کے عرصہ کی مدت میں لگایا جائے گا۔ لاہور چڑیا گھر جہاں روانہ ہزاروں کی تعداد میں بڑے اور بچے سیر کے لیے آتے ہیں، گلش اقبال پارک سانحہ کے بعد انتظامیہ کی جانب سے لاہور چڑیا گھر کو ایک روز کے لیے مکمل طور پر بند رکھا گیا تھا تاہم سیکورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بعد چڑیا گھر کو عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر شفقت علی سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں کی ہدایت پر سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ واک تھرو گیٹ نصب کیا جا رہے ہیں، اس کے لیے ٹینڈر جاری کیے جائیں گے جو 27 اپریل کو ملنا شروع ہو جائیں گے۔