کوہاٹ(نامہ نگار)کوہاٹ انڈس ہائی وے پر کراچی جانے والی مسافر بس سے لاکھوں مالیت کی چرس برآمد کرکے منشیات کے دو بین الصوبائی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ڈی ایس پی لاچی ظاہر شاہ خان کے مطابق ڈی پی او جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر منشیات کے خلاف ضلعی پولیس کی بھر پور کارروائیوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے ۔کارروائیوں کے اس سلسلے میں لاچی پولیس کے اے ایس آئی ولی بت نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناءمیں پشاور سے کراچی جانے والی مسافر بس کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔پولیس نے بس میں سوار دو مشکوک افراد کی تلاشی کے دوران مجوعی طور پر ساڑھے بیس کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ڈی ایس پی کے مطابق بھاری مقدار میں چرس سمیت گرفتار ہونے والے دونوں افرادقدرت گل ولد ثمر گل اور لعل بادشاہ ولد عزیز الرحمان کا تعلق کراچی سے ہے جو پشاور سے کراچی جارہے تھے۔ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے منشیات کے بین الصوبائی سمگلروںنے چرس بیگوں میں چھپا رکھی تھی جنکے خلاف تھانہ لاچی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کاعدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے پوچھ گچھ شروع کردی ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں چرس پشاور سے کراچی سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔
چرس برآمد