گیس کے نئے انڈسٹریل کنکشنز پر عائد پابندی ہٹانے کیلئے وزیراعظم کو سمری ارسال

لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ مفتاح اسمعیل نے کہا ہے کہ گیس کے نئے انڈسٹریل کنکشنز پر عائد پابندی ہٹانے کے لیے وزیراعظم کو سمری ارسال کردی گئی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں اویس سعید پراچہ، شاہد نذیر، طارق محمود، محمد شہزاد، خواجہ امتیاز احمد اور نبیلہ انتصار بھی موجود تھے۔ چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ نجی شعبے کے کچھ لوگ ایل این جی کی درآمد کے لیے بات چیت کرکے حکومت کی مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں برسراقتدار آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے بجلی و گیس کا بحران ختم کرنے کا چیلنج لیا ، آج صورتحال بہت بہتر ہے اور توقع ہے کہ 2018تک لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک میں انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح اوسطاً تیس فیصد جبکہ پاکستان میں صرف پندرہ فیصد ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر سے اتفاق کیا کہ مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ چین پاکستان اکنامک کاریڈور پر انہوں نے کہا کہ چین نے مشکل وقت میں پاکستان کو سپورٹ کیا جس سے پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ پچھلے چند سال میں پاکستان میں خاص طور پر بیرونی سرمایہ کاری میں بہت کمی واقع ہوئی مگر یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ سی پیک کی وجہ سے صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن