چارسدہ (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ اے این پی اسفند یارولی نے چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک کو غیر ضروری سیاسی بحران میں دھکیلا جارہا ہے۔ کپتان کی سیاست سنجیدہ نہیں، کپتان صبح کچھ اور رات کوکوئی اور بات کرتے ہیں، سینٹ انتخابات میں ارکان کی بولی لگائی گئی۔ عمران خان نے ضمیر اور ایمان بیچنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ وعدے کے مطابق فاٹا کو صوبے میں ضم نہیں کیا گیا۔ چھوٹے صوبے بڑے صوبے کے غلام نہیں، چھوٹے صوبوں کے ساتھ چھوٹے بھائیوں کی طرح سلوک کیا جائے، پی ٹی آئی نے ہماری گزشتہ حکومت کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ قرضہ لیا۔ زرداری نے چیئرمین سینٹ الیکشن میں عمران کو بے نقاب کردیا۔ سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی نے دھوکہ دیا تو مولانا سمیع الحق کو دل کا دورہ پڑا۔ اے این پی حکومت کو کرپٹ کہنے والے پرویز خٹک خود اس کا حصہ تھے، پی ٹی آئی نے شہباز شریف کی میٹروبس کو جنگلا بس قرار دیا، آج پی ٹی آئی خود پشاور میں وہی جنگلا بس بنا رہی ہے۔ عمران خان کے ڈیم کہیں نظر نہیں آرہے، خیبر پی کے میں کرپشن پر عمران خان کی آنکھیں کیوں بند ہیں؟ الیکشن سے پہلے فاٹا کو خیبرپی کے میں ضم کیا جائے، حکومت سی پیک روٹ پر ہمیں بریفنگ دے۔
کپتان کی سیاست سنجیدہ نہیں، ملک کو غیر ضروری سیاسی بحران میں دھکیلا جا رہا ہے: اسفندیارولی
Apr 11, 2018