قومی اسمبلی: ایاز سومرو کو خراج عقیدت، کشمیر، فلسطین کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی نے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کی سیاسی و قومی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایاز سومرو کے انتقال سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں ہوگا، مرحوم کے جواں عمری میں جمہوریت کیلئے جدوجہد، جیلیں کاٹنے کے طرز عمل سے نئی نسل کو رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر مولانا امیر زمان نے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو، فلسطین، کشمیر، قلات، کوئٹہ سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شہید جوانوں اور امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے عتیق بیگ اور قندوز، افغانستان میں مدرسہ پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے ننھے حفاظ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی ۔ اجلاس میں ایاز سومرو کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ایاز سومرو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایاز سومرو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لئے کوڑے کھائے اور جیلوں میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والے ایسے سیاسی کارکنوں اور آمریت کے آگے جھکنے سے انکار کرنے والے ججوں کو ’ہیروز آف ڈیموکریسی‘ قرار دیا جائے۔ آفتاب احمد خان شیرپائو، شیخ صلاح الدین، غوث بخش مہر، محمود خان اچکزئی، عائشہ سید، طاہرہ بخاری، حاجی شاہ جی گل آفریدی، رشید گوڈیل، ڈاکٹر غازی گلاب جمال اور عبدالستار بچانی، محمود بشیر ورک، نواب یوسف تالپور، خلیل جارج، شازیہ مری، مولانا امیر زمان، چوہدری محمد اشرف، طاہرہ اورنگزیب اور دیگر ارکان نے بھی ایاز سومرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ علاوہ ازیں محمود خان اچکزئی پنجاب میں دو بھائیوں کیطرف سے اپنی بہن کی ٹانگیں جائیداد میں حق مانگنے پر کاٹنے کے واقعہ پر قومی اسمبلی میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کو پکارتے رہے کہاں ہیں خادم اعلیٰ شریف اس واقعہ پر شرم آنی چاہیے نہ کوئی سو موٹو نوٹس ہوا نہ پارلیمنٹ میں کوئی ہلچل ہے۔ منگل کو نکتہ اعتراض پر قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پنجاب میں دو بھائیوں نے اپنی بہن کی ٹانگیں جائیداد میں حصہ لینے پر کاٹ دی ہیں پارلیمینٹ بھی خاموش ہے میڈیا میں بھی بے حسی ہے خادم اعلیٰ شریف کہاں ہیں شرم آنی چاہیے کیا ملک میں بہنوں کی ٹانگیں جائیداد کا حق مانگنے پر کاٹی جاتی رہیں گی، کوئی سوموٹو نوٹس نہیں ہو گا، پارلیمینٹ بھی خاموش رہے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی ایوان میں ایاز سومرو مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کارروائی کے پیش نظر متذکرہ معاملے پر حکومت کو کوئی ہدایت نہ جاری کر سکے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...