ایپکا لاہور سمیت پنجاب میں احتجاج، مال روڈ پر لاٹھی چارج، درجنوں گرفتار

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان) لاہور سمیت پنجاب بھر میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت مرکزی صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد چودھری اور دیگر نے کی۔ مظاہرے میں لاہور ڈویژن کے تمام محکمہ جات کے ایپکا یونٹس کے ملازمین شریک تھے۔ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے روزبروز بڑھتی مہنگائی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور حکومت کیخلاف ماتم اور زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا قائدین اور حاجی ارشاد چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ سرکاری ملازمین ان مشکل حالات میں احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں مگر حکومت اور بیوروکریسی کوئی نوٹس نہیں لے رہی لہٰذا ان سے اپیل ہے کہ ان کے مطالبات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو ملک بھر میں 17 اپریل کو مہنگائی کیخلاف اور مطالبات کے حق میں احتجاجی جلوس، مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دریں اثنا آزاد جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں بھی سرکاری ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے پرامن جلوس نکالے۔ دوسری طرف لاہور میں ماڈل روڈ ریڈ زون میں ایپکا کے احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس دوران پولیس نے ان سے مذاکرات کی کوشش کی اور ناکامی پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے ایپکا رہنمائوں سمیت درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ بعدازاں محکمہ انہار کے ملازمین نے 7 کلب روڈ اور مال روڈ پر دھرنا دیدیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ساتھیوں کی رہائی تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔ انکے جائز مطالبات کی منظوری کیلئے بار بار حکام سے رابطہ کیا گیا مجبور ہو کر سڑکوں پر نکلے ہیں۔ دوسری طرف ساہیوال، سیالکوٹ، منڈی بہائو الدین، چیچہ وطن، وہاڑی سمیت مختلف شہروں میں ایپکا کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مقررین نے حکومت سے مطالبات کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں میں 200فیصد اضافہ کیا جائے،ہائوس رینٹ، کنوینس الائونس، میڈیکل الائونس میں اضافہ کیا جائے۔ آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمین کی تنظیموں پر پابندی ختم کی جائے اپ گریڈیشن کی جائے ،ٹائم سکیل پروموشن کا اجراء کیا جائے،زکوٰۃ ملازمین کو تحفظ روزگار دیتے ہوئے مستقل کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن