لاہور( این این آئی )رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اورتنظیم المدارس پاکستان کے صدرمفتی منیب الرحمن نے لاہور میں لبیک تحریک کی جانب سے دیئے گئے دھرنے سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے والے ختم نبوت کا نام اپنی ذات کیلئے استعمال کررہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی ذات کیلئے ختم نبوت کا نام استعمال کررہے ہیں، ان کے عزائم خطرناک اور کچھ اور ہیں۔مفتی منیب الرحمن کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی اور پیرافضل قادری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تو انہوں نے دھرنے کا اعلان کردیا، میں نے دونوں علما ء سے رابطہ کیا اور انہیں دھرنا نہ دینے اور گرفتاری سے بچنے کے لئے کوئی دوسرا راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا تاہم انہوں نے میری بات نہیں مانی اور دھرنے کے فیصلے پر بضد رہے۔