لاہور (خصوصی رپورٹر) جنوبی پنجاب کے دس اضلاع کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے صوبوں کے بارے میں مشاورتی اجلاس میں شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور صدارت کا منصب سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ پنجاب کے اضلاع خاص طور پر جنوبی پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ شہباز شریف کی حقیقی قیادت میں ترقی کا حقیقی خواب تعبیر پانے کو ہے۔ عوام مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی ویژن سے متاثر ہیں اور الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو ترقیاتی ایجنڈا کی بدولت بھرپور پذیرائی ملے گی۔ سینیٹر سعود مجید نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ شہباز شریف کو چاہتے ہیں۔ حاجی محمد عرفان خان ڈاہا نے کہا کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے مطمئن اور خوش ہیں۔ وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کہا کہ شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔ ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر حفیظ الرحمن دریشک نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا عوام کے لئے نیک شگون ہے۔ سردار جعفر خان لغاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا۔ سید محمد ثقلین شاہ بخاری نے کہا کہ لیہ جیسا پسماندہ ضلع اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ صاحبزادہ فیض الحسن نے کہا کہ راہ ہجر اختیار کرنے والوں نے کبھی پارٹی اجلاس میں علیحدہ صوبے کی بات نہیں کی۔ چوہدری افتخار نذیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے نئے صوبوں پر منفی سیاست کی۔ محمد اسلم بودلہ نے کہا کہ ہر صورت میں پارٹی کا ساتھ نبھائیں گے اور پارٹی پالیسی کی تائید کریں گے۔ ملک سلطان محمود ہنجرا، سردار محمد امجد فاروق کھوسہ، عاشق حسین گوپانگ، صدیق خان بلوچ، میاں نجیب اویسی، سعید احمد خان منہیس، ساجد مہدی، تہمینہ دولتانہ ، جاوید علی شاہ، ارشد خان لغاری، شیخ فیاض الدین، میاں امتیاز احمد نے اجلاس میں پارٹی پالیسی کی تائید کرتے ہوئے تجاویز پیش کیں۔ ارکان پنجاب اسمبلی چوہدری کرم داد واہلہ، نغمہ مشتاق لانگ، رانا اعجاز احمد نون، ملک مظہر عباس راں، میاں محمد کاظم علی پیر زادہ، عامرحیات ہراج، محمد ذیشان گورمانی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما میر بادشاہ قیصرانی، ملک احمد علی اولکھ اور دیوان عاشق نے شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ شہبازشریف کی زیر صدارت خانیوال، راجن پور، بہاولپور، لیہ اور دیگر اضلاع کے ارکان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے سابق صوبے کی بحالی کے حوالے سے دو قراردادیں پیش کر چکی ہے- بہاولپور صوبہ کی بحالی اور جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے قراردادیں لانے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے سر ہے- جنوبی پنجاب کی ترقی او رخوشحالی کے لئے ساتھ دینے والوں کو محسن سمجھتا ہوں- ملک کے وسیع تر مفاد میں تصادم اور محاذ آرائی کی پالیسی سے گریز لازم ہے- شہبازشریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل مہیا کئے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے نعرے کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ ہم نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کیلئے پرعزم ہیں۔ کسی اورجماعت کو جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے صوبے کے قیام کے مطالبے کی بحالی کیلئے قراردادیںمنظورکرانے کی توفیق نہیں ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے اورملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ساتھ دینے والے اور ساتھ نبھانے والے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔