پشاور(بیورورپورٹ)قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا (نیب) نے مضاربہ کاروبار کی آڑ میں سادہ لوح عوام کی محنت کی کمائی غبن کرنے کے الزام پر مردان کے مولانا عبدالوہاب کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ملزم مولانا سعید الوہاب ولد فرید اللہ نے مبینہ طور پر مضاربہ کاروبار کی آڑ میں سادہ لوح عوام کو دھوکہ دے کر ان کی محنت کی کمائی غبن کی ہے، ملزم نے سادہ لوح عوام کو یقین دہانی کرائی تھی کہ مضاربہ کاروبار میں بھاری منافع دیا جائے گا، ملزم نے چند ماہ بعد نہ صرف منافع دینا بند کردیا بلکہ کاروبار کیلئے ان سادہ لوح عوام کے دیئے گئے پیسے واپس دینے سے بھی انکار کیا اور روپوش ہوگیا۔اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا فرمان اللہ خان نے کہا کہ بدعنوانی کی عفریت کے خاتمے کے حوالے سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے وژن و مشن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اور عام آدمی تک بلا امتیاز احتساب کی بدولت ثمرات بہم پہنچانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا، قومی احتساب بیورو بدعنوان عناصر کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کارروائی کیلئے متحرک ہے۔ ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا فرمان اللہ خان نے عوام سے اپیل کی کہ ملزم مولانا عبدالوہاب کیس کے متاثرین نیب خیبرپختونخواکے آفس واقع پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی بلڈنگ میں دفتری اوقات کے دوران 10 مئی تک اپنی شکایت بمعہ متعلقہ کاغذات جمع کرائیں۔