اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)آئیسکو کے سی ای او باسط زمان احمد نے کہا ہے کہ بطور سروسز فراہم کرنے والی کمپنی ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے صارفین کو ان بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں جس کا ہم نے ان سے وعدہ کیا ہے اور اس چیلنج کو صرف اس صورت میں پورا کیا جاسکتا ہے جب ہم میں سے ہر کوئی سو فی صد کارکردگی کا مظاہر ہ کرے، فیلڈ افسرا ن و عملہ دئیے جانے والے اہداف کو پورا کر کے ہی اپنے عہدوں سے انصاف کر سکتے ہیں بصورت دیگر ناقص کارکردگی اور خراب رویہ و شہرت کے حامل افسران و عملہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں کہ ان کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلز کے مطابق سی ای او آئیسکو باسط زمان احمد نے آئیسکو ہیڈ آفس میں آئیسکو کے پانچوں آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد ، راولپنڈی، اٹک ، جہلم اور چکوال سرکل کی ماہانہ کارکردگی کی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں سرکلز کے ایس ایز، ایکسئینز اور ایس ڈی اوز نے شرکت کی اور مقرر کردہ ٹارگٹ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ آئیسکو چیف کو بتایا گیا کہ ماہ مارچ 2018کے دوران سرکاری اداروں سے واجبات کی وصولی 67فی صد رہی جب کہ پرائیویٹ صارفین سے واجبات کی وصولی کا تناسب 98.4فی صد رہا۔ آئیسکو چیف کو مزید بتایا گیا کہ ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف بہترین انداز میں کاروائیاں کی جارہی ہیں اور ماہ مارچ کے دوران416بجلی چوروں کو پکڑا گیا اور اُن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں درخواستیں درج کر وا دی گئی ہیں۔ بجلی چوروں کو 3580ڈیٹکشن بلوں کی مد میں 2.51ملین یونٹ چارج کئے گئے اور41.33 ملین کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ بریفنگ کے دوران آئیسکو چیف کو بتایا گیا کہ ماہ مارچ میں آئیسکو ریجن میں15802نئے بجلی کے کنکشن مہیا کئے گئے جن میں سے گھریلو14025، کمر شل1721، انڈسٹریل 39، ٹیوب ویل 16اور متفرق کا1کنکشن شامل ہیں۔ میٹنگ کے دوران آئیسکو چیف نے تمام فیلڈ افسران اور سٹاف کو ہدایات جاری کی کہ صارفین کو معیاری اور بروقت سہولیات مہیا کی جائیں اور اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی اور سُستی برداشت نہیں کی جائے گی۔