اسلام آباد(خبر نگار) وزارت مواصلات کے زیر اہتمام نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کیلئے نیشنل روڈ سیفٹی پلان کی ترقی سے متعلق نیشنل سٹیرنگ کمپنی کا تیسرا اجلاس آج نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔وزارت مواصلات حکومت پاکستان روڈ سیفٹی منصوبے پر ایشیائی ترقیاتی بینک اور برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمہ کے تعاون سے عملدرآمد کر رہی ہے۔اجلاس میں نیشنل روڈ سیفٹی سٹریٹجی 2018-30 ،ایکشن پلان پر عملدرآمد اور قومی روڈ سیفٹی آگاہی مہم کیلئے قومی مشاورتی طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔مجوزہ سٹریٹجی میں محفوظ سڑکیں،محفوظ گاڑیاں، مسافروں کی حفاظت اور حادثہ کے بعد ہونے والے اقدامات شامل ہیں ۔وفاقی سیکرٹری مواصلات فرقان بہادر خان، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک،سینیئر ایڈوائزر ( قانون) وفاقی محتسب حافظ ا حسن احمدکھوکھر،ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر زیائوہانگ یانگ ،برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمہ کی سربراہ پیٹریشیا، سینیئر جائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات الطاف اصغراور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹرسید کلیم امام نے اس موقع پر اظہار خیال کیا ۔وفاقی سیکرٹری مواصلات فرقان بہادر خان نے کہا کہ سڑکوں پر سفر کو محفوظ بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے ۔چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ملک کے روڈ نیٹ ورک میں خاطر خواہ ترقی و توسیع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہرات اور موٹرویز پر حادثات کی تعداد ایک چیلنج ہے۔اس مسئلہ پر قابو پانے کیلئے مربوط میکانزم کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں پر محفوظ سفر کیلئے اختیار کئے جانے والے طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس اپنے زیر انتظام قومی شاہرات اور موٹرویز پر حادثات کنٹرول کرنے کیلئے غیر معمولی کاوشیں کر رہی ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر زیائو ہانگ یانگ نے کہا کہ پاکستان ٹرانسپورٹ اور روڈ انفراسٹرکچرکو اپ گریڈ کرنے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے اور روڈ سیفٹی معیارات کو بہتر بنانے کیلئے بھر پور کاوشوں کی ضرورت ہے۔اجلاس میں نیشنل روڈ سیفٹی ویب سائٹ کا آغاز بھی کیا گیا۔