حسن ابدال(صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 30 جون تک ساری چور سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، حزب اختلاف کی جماعتیں عید کے بعد اکٹھی ہونگی ، زرداری بڑے دل کا آدمی ہے وہ پیسے دے سکتا ہے،شریف برادران کسی صورت پیسے واپس نہیں کریں گے وہ کفن میں جیب لگا کر ساتھ لے کر جائیں گے۔شیخ رشید احمد نے حسن ابدال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں عید کے بعد اکٹھی ہوں گی۔ پاکستان سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا گیا تاہم آصف زرداری بڑے دل کا آدمی ہے وہ پیسے دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 15 اپریل کو کمپنی کا نام بتائوں گا جس نے آصف زرداری کی منی لانڈرنگ کی اور وہی شہباز شریف کی بھی کر رہی ہے،منی لانڈرنگ کرنے والوں کو اب حساب دینا ہو گا ، شہباز شریف این آر او مانگ رہے ہیں مگر ملے گا نہیں ۔ میرے موکل بہت تیز ہیں سوچ رہا ہوں تعویز کا کام شروع کر دوں سب سے پہلا تعویز پتھری لکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم عمران خان کو کہا ہے کہ شریف برادران کسی صورت پیسے واپس نہیں کریں گے وہ کفن میں جیب لگا کر ساتھ لے کر جائیں گے۔انہوں نے ریلوے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 17 کروڑ روپے کی لاگت سے ننکانہ ریلوے سٹیشن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا ایجنڈا بھارت میں ایک اور پاکستان بنا دے گا۔