پی آئی اے کی ایک اور ایئر ہوسٹس فرانس میں غائب، استعفے سے اعلیٰ حکام کو مطلع کردیا

لاہور (نیٹ نیوز) قومی ایئرلائن کی ایئرہوسٹس شازیہ ڈیوٹی کے دوران پیرس سے فرار ہوگئی۔ پی آئی اے کی لاہور سے تعلق رکھنے والی ایئر ہوسٹس شازیہ ڈیوٹی کے دوران پیرس میں غائب ہوگئی۔ فضائی میزبان 6 اپریل کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بارسلونا اور پیرس کی فلائٹ پر گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پیرس کے ہوٹل میں جا کر ایئر ہوسٹس شازیہ بغیر کسی کو بتائے اپنا سامان لے کر بلجیئم چلی گئی، بلجیئم جانے سے پہلے شازیہ نے نوکری سے استعفیٰ دے دیا جس پر قومی ائیر لائن کے دیگر عملے نے شازیہ کا استعفی دیکھ کر اعلی حکام کو آگاہ کر دیا۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایئر ہوسٹس شازیہ نے لاہور سے سفارش کے ذریعے اپنی ڈیوٹی پیرس جانے والی فلائٹ پر لگوائی تھی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے صورتحال سے واقف ہونے کے بعد معاملے کی انکوائری شروع کر دی ہے جبکہ اس سلسلے میں پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شازیہ اپنی ڈیوٹی کے مطابق 06 اپریل کو سیالکوٹ سے پیرس کی پرواز پر روانہ ہوئی تھیں۔ مذکورہ ایئرہوسٹس کی 09 اپریل کو پیرس سے لاہور کی پرواز پر ڈیوٹی تھی۔ ایئرہوسٹس نے ڈیوٹی کے لئے رپورٹ نہیں کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں۔ ان کے خلاف ڈیوٹی سے غیر حاضری پر محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فریحہ مختار نامی ایئرہوسٹس بھی کینیڈا فرار ہوگئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن