لاہور(اپنے نامہ نگار سے)عدالت نے تاخیری حربے استعمال کرنے اور وکیل کی پیشی یقینی نہ بنانے پر میشا شفیع پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ایڈیشنل سیشن جج لاہور شکیل احمد نے علی ظفر کی میشا شفیع کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے میشا شفیع کے وکلا کو گواہان کی شہادتوں پر جرح کے لئے طلب کر رکھا تھا لیکن میشا شفیع کے وکلا عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے میشا شفیع پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا اور حکم دیا کہ آئندہ تاریخ سماعت پر میشا شفیع اپنے وکلا کی پیشی یقینی بنائے تاکہ علی ظفر کے گواہوں پر جرح کی جا سکے۔عدالت نے کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے میشا شفیع کے وکلا کو دوبارہ طلب کر لیا۔درخواست گزار علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔