پی ایس ایل کامیاب بنانے والے کرکٹ بورڈ مارکیٹنگ ٹیم کے دواہم ارکان مستعفی

Apr 11, 2019

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے کامیاب چوتھے ایڈیشن کے بعد کرکٹ بورڈ کی مارکیٹنگ ٹیم کے دو اہم اراکین مستعفی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ چیئرمین احسان مانی نے اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے والے سابق چیئرمین کے قریبی افسران کو گھر بھیجنے کی پالیسی اور نیا کرکٹ بورڈ بنانے پر تیزی سے کام شروع کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل مینجر مارکیٹنگ صہیب شیخ اور جنرل مینجر مارکیٹنگ کامل خان نے کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلق ختم کر لیا ہے۔ دلچسپ امر ہے کہ پاکستان سپر لیگ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار نبھانے والے افراد ایک ایک کر کے کرکٹ بورڈ سے الگ ہو رہے ہیں۔ پی ایس ایل کے مختلف معاہدوں میں اہم ذمہ داریاں نبھانے اور برانڈ کو منافع بخش بنانے والے مارکیٹنگ ٹیم کے اراکین کے استعفوں سے نیا پی سی بی بننے کا عمل تیز ہو گیا ہے۔ سینئر جنرل مینجر صہیب شیخ اور جنرل مینجر مارکیٹنگ کامل خان نے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔ اس سے پہلے ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ ویجیلینس کرنل ریٹائرڈ محمد اعظم اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائیلہ بھٹی بھی مستعفی ہو چکی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی سنبھالنے والے احسان مانی اپنی ٹیم بنانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اہم عہدوں پر موجود سابق چیئرمین کے قریب سمجھے جانے والے افراد کی طرف سے استعفوں کی سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی چیف فنانشل آفیسر کی کارکردگی سے بھی خوش نہیں ہیں۔ وہ اس اہم عہدے پر بھی اپنے بااعتماد ساتھی کی تعیناتی کے خواہش مند ہیں۔ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو مختلف اہم عہدوں پر بھاری معاوضوں پر تعیناتی کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مینجنگ ڈائریکٹر کی تنخواہ بیس لاکھ سے بھی زیادہ مقرر کی ہے جبکہ چند اور افسران کی تنخواہیں بھی دس دس اکھ سے زائد ہیں۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے دونوں استعفوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صہیب شیخ اور کامل خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں دونوں نے بہتر مستقبل کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے ہم انکے بہتر مستقبل کے لیے دعا گو ہیں۔

مزیدخبریں