اسٹاک مارکیٹ میں آج ملا جُلا رجحان، کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے آغاز پر 115 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز پر ملا جُلا رجحان موجود ہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے آغاز پر 115 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے چوتھے روز ملا جُلا رجحان موجود ہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز 36 ہزار 555 پوائنٹس پر ہوا۔ ابتدا میں 55 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ۔تاہم کچھ ہی دیر میں 100 انڈیکس میں 51 پوائنٹس کا بھی اضافہ ہوا اور مارکیٹ 36 ہزار 626 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتی نظر آئی۔ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس میں 16,742,400 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 517,192,373 بنتی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس 550 پوائنٹس کمی کے ساتھ 36 ہزار 579 پر بند ہوا تھا۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل شئیرز بیچنے کے سبب مارکیٹ گراوٹ کا شکار رہی، کاروبار کے دوران مارکیٹ میں 337 کمپنیوں کے 17 کروڑ شئیرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت 5 ارب سے زائد ریکارڈ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مزید 550 پوائنٹس کی کمی کے باعث سرمایہ کاروں کے سوا کھرب روپے ڈوب گئے جب کہ گزشتہ 10 روز میں سرمایہ کاروں کے 6 کھرب روپے ڈوبے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بدھ کو 100 انڈیکس 36464 کی سطح تک گرا جو رواں برس کی کم ترین سطح بتائی جاتی ہے جب کہ کاروباری دن کا اختتام 550 پوائنٹس کی کمی پر ہوا جو گزشتہ تین برسوں میں اسٹاک مارکیٹ کی کم ترین اختتامی قدر ہے۔منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 208 کا پوائنٹس کا اضافہ کے ساتھ انڈیکس 37 ہزار 129 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جب کہ مارکیٹ میں 5.8 ارب روپے مالیت کے 16 کروڑ شئیرز کا کاروبار کیا گیا۔

گزشتہ 10 روز کے دوران 100 انڈیکس میں 2400 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔

ای پیپر دی نیشن