لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شہر میں کرونا کے وار جاری ہیں۔ چاہ میراں بازار مکھن پورہ میں 17 مریض رپورٹ ہونے پر پورا علاقہ ہی قرنطینہ میں تبدیل کرتے ہوئے سیل کر دیا گیا ہے۔ کورونا کیسز سامنے آنے پر چاہ میراں کے علاقے کو سیل کرتے ہوئے اس کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سیل کئے گئے علاقے کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق علاقے کے 154 گھروں کو سیل کرتے ہوئے مارکیٹس بھی بند کر دی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری کا کہنا ہے کہ سو فیصد لاک ڈاؤن کے بعد پچاس سے زائد افراد کے کرونا ٹیسٹ کے سیمپل لئے گئے جس کے بعد پازیٹو کیسز سامنے آنے پر علاقے کو سیل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں سمن آباد کے علاقے سکندریہ کالونی میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سکندریہ کالونی کو ریڈ اور ییلو زون میں تقسیم کر دیا ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری نے بتایا کہ سکندریہ کالونی میں کرونا کے نو مریض سامنے آئے جس کے بعد وہاں پر 80 سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔