صدر علوی نے ایوان صدر میں نماز جمعہ ادا کی،امامت نورالحق قادری نے کی

Apr 11, 2020

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں کے عملہ کو حفاظتی ساز و سامان پی پی ای فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے تا کہ ہسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولتیں میسر آ سکیں۔ صدر نے یہ بات نیشنل ڈیزاسٹر میجنمنٹ کے چیئرمین لیٖفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے کہی جنھوں نے گذشتہ روز ایوان صد رمیں صدر کو ایک بریفنگ دی۔ چیئرمین نے بتایا کہ صحت کے شعبہ کو ہر طرح کی سہولت باہم پہنچائی جا رہی ہے۔ تمام ہسپتالوں کے عملہ کو حفاظتی سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔یہ سامان ڈاکٹروں اور نرسوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ صدر کو بتایا گیا کہ ایف ڈبلیو او اسلام آباد میں کرونا کے مریضوں کیلئے دو سو بیاسی بستروں پر مشتمل ایک عارضی ہسپتال بھی تعمیر کر رہی ہے۔ صدر نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے کے کردار کو سراہا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز ایوان صدر میں نماز جمعہ ادا کی۔ نماز جمعہ سماجی فاصلے کی پابندیوں کو ملحوظ رکھ کر ادا کی گئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے امامت کرائی۔ ایوان صدر میں صلواۃ توبہ بھی ادا کی گئی۔

مزیدخبریں