کاروبارمیں توسیع کیلئے بینک الفلاح اور ٹیلی مارٹ کے مابین معاہدہ

Apr 11, 2021

کراچی (کامرس رپورٹر) آن لائن شاپنگ کے حوالے سے بینک الفلاح کے ڈیجیٹل ای کامرس مارکیٹ پلیس، الفا مال نے ٹیلی مارٹ کے ساتھ اپنی اسٹریٹیجک کاروباری شراکت کا اعلان کرد یا ہے ۔جس کا مقصد نقد لین دین کو ڈیجیٹائز کرنا ،بینک الفلاح کے کسٹمر کو آسان ماہانہ اقساط پر پراڈکٹس کی فوری فراہمی کو یقینی بنانا ،کسٹمرز کو سہل انداز میں واپسی کی سہولت فراہم کرنا اور مرچنٹ بزنس کے مقامات کو باہم مربوط بنانا ہے ۔ترجمان کے مطابق ،ٹیلی مارٹ ایک سر فہرست اور پاکستان کی پہلی اومنی چینل ای کامرس ویب سائٹ ؍ایپلیکیشن ہے ۔ٹیلی مارٹ کے پاکستان کے 7 شہروں میں 11 " فجیٹل اسٹورز" ہیں جو ای ٹیلنگ انڈسٹری کو ڈیجیٹلائز کرنے کا کام سر انجام دے رہے ہیں ۔ٹیلی مارٹ اور الفا مال کے مابین سال 2019 میں باہمی تعلق کا آغاز،ا لفا مال کے ذریعے ٹیلی مارٹ کی پراڈکٹس کی بینک الفلاح کے کسٹمرز کو فروخت اور ترسیل کے ساتھ ہوا۔اس آزمائشی منصوبے کی کامیابی کے بعد ، جون2020 میں ٹیلی مارٹ کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی غرض سے اس شراکت داری کو وسعت دی گئی تاکہ وہ اپنی پراڈکٹس کو اقساط پر فروخت کرسکیں۔ اس اقدام کے ذریعے کسٹمرز کو اپنی خریداری کے حوالے سے مزید بہترسہولیات میسر ا ٓئیں اور الفا مال پر ٹیلی مارٹ کے مجموعی حجم کے 100 ملین روپے کی سطح کو عبور کرنے سے کاروبارمیں مزیداضافہ ہوا۔معاہدے پر دستخط کی اس تقریب کے موقع پر بینک الفلاح کے گروپ ہیڈ ڈیجیٹل بینکنگ ، محمد یحییٰ نے کہا کہ " اپنے صارفین کی جانب سے الفا مال کو زبردست پذیرائی ملنے پرہمیں بے حد خوشی ہے ۔ہمارے ای کامرس مارکیٹ پلیس کا مقصد ، اکائونٹ سے رقم وصول کرکے یا کارڈ کے ذریعے آسان اور سہل طریقے سے ادائیگی کے آپشنزکو استعمال کرتے ہوئے صارفین کو خریداری کے حوالے سے ایک جامع سہولت مہیا کرنا ہے۔کاروبار میں ہونے والی اس مزید وسعت سے ٹیلی مارٹ کے فجیٹل اسٹورز پر لین دین کو ڈیجیٹلائز کرنے میں مدد ملے گی ،جس کے ذریعے الفا مال کے کسٹمر کو آسان اقساط پر پراڈکٹس کی فوری ترسیل ممکن ہوسکے گی"۔ٹیلی مارٹ کے شریک بانی اور ڈائیریکٹر ، ضمزہ رئو ف عیسیٰ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "آج کے دور میں اہم ترین عمل ، کسی بھی کام کا تجربہ کرنا، اس کے ارتقائی مراحل کوطے کرنا ، جدت پیدا کرنا اور اس سے فائدہ اٹھانا ہے ۔ہمیں بینک الفلاح کے ساتھ اشتراک پر بے حد خوشی ہے ، جو بڑے پیمانے پر خوردہ لین دین (ریٹیل ٹرانزیکشنز) کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے ہمارے نظریے کی عکاسی اور ترویج کررہا ہے ۔

مزیدخبریں