فون کی گھنٹی بجنے پر جج نے خود کو ہی سزا سنادی

Apr 11, 2021

قاہرہ : مصر میں ایک مقامی عدالت کے جج نے اپنی غلطی پر خود کو سزا کا مستحق قرار دیتے ہوئے فیصلہ سنا دیا، عدالت میں موجود لوگ اس اقدام پر حیران رہ گئے۔دوسروں کے خلاف کیسز کے فیصلے سنانا تو ججوں کا کام ہے مگر کوئی جج اپنے ہی خلاف فیصلہ سناتے ہوئے خود کو جرمانہ کی سزا سنائے یہ حیران کن ہے مگر مصر میں ایک عدالت کے جج نے خود کو سزا دے کر سب کو حیران کر دیا۔گلف نیوز کے مطابق ملک کی عدالتی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا انوکھا ترین واقعہ ہے۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ اسٹیٹ کونسل کے وائس چیئرمین جسٹس محسن کلوب  ایک مقدمے کی سماعت کررہے تھے کہ  اچانک ان کے موبائل فون کی گھنٹی بج اٹھی۔اسوان میں قائم انتظامی عدالت کے جج نے اپنی اس غلطی پر خود احتسابی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر خود پر پانچ سو مصری پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ان کے موبائل فون کی گھنٹی بجی جس کے نتیجے میں ان کی توجہ اس مقدمہ سے ہٹ گئی تھی جس پر میں نے فوراً خود کو اس کا قصور وار قرار دیتے ہوئے پانچ سو پاؤنڈ کا جرمانہ کردیا۔

مزیدخبریں