لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی ملکہ کے شوہر 99 سالہ شہزادہ فلپس کی موت کے ایک دن بعد انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے برطانیہ بھر میں توپوں کی سلامی دی گئی۔ انہیں اگلے ہفتے سپرد خاک کیا جائیگا۔ تاحال ان کی موت کی تفصیلی وجوہات جاری نہیں کی گئیں۔ شہزادہ فلپس کی موت پر دنیا بھر کے عالمی رہنماؤں نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا۔ جب کہ برطانیہ بھر میں سوگ کا ماحول ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یو آن نے شہزادہ فلپ کے انتقال پر ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کو تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ ہفتے کو بھیجے جانیوالے اپنے پیغام میں چینی صدر اور انکی اہلیہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ملکہ اور انکے خاندان سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا ہے۔ شاہی محل کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ کرونا کی وجہ سے شہزادہ فلپس کی آخری رسومات کو نہ صرف تبدیل کردیا گیا بلکہ انہیں محدود بھی کر دیا گیا ہے۔ آخری دیدار کے لیے آنے والے افراد سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ شہزادہ فلپس کی آخری رسومات پر کوئی بڑی ریاستی تقریب نہیں ہوگی۔ تعزیتی تاثرات لکھنے کے لیے محل میں ڈائری بھی نہیں رکھی گئی اور لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پیغامات شاہی خاندان کی آفیشل ویب سائٹ پر آن لائن بھیجیں۔ لندن میں بکنگھم پیلس کے باہر لوگ جمع ہو کر پرنس سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ شاہی خاندان نے عوام سے پرنس فلپ کی یاد میں پھول رکھنے کے بجائے چیرٹی ڈونیشن کی درخواست کی ہے۔ عوام کے لیے تعزیتی پیغامات درج کرنے کیلئے آن لائن تعزیتی کتاب بھی موجود ہے۔ پرنس فلپ کے انتقال پر برطانیہ اور دولت مشترکہ کے ممالک کے رہنمائوں سمیت عالمی قیادت کی طرف سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ کرونا وبا کے سبب آخری رسومات سادگی سے انجام دی جائیں گی۔ پرنس فلپ کے پوتے شہزادہ ہیری کی شرکت بھی متوقع ہے۔