ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق رکھیں،پیر نقیب الرحمن

Apr 11, 2022


راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہم نہایت عظمتوں والے ماہِ رمضان المبارک کے عشرہِ رحمت سے گزر رہے ہیں اور عشرہِ مغفرت میں داخل ہونیوالے ہیں اسی عظیم ماہِ مبارک وطنِ عزیز پاکستان ہم پر انعام ہوا اور اس کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے ہمیں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے موجودہ حالات اس چیز کے متقاضی ہیں کہ اندرونی طور پر وطن عزیز  میںکسی قسم کے خلفشار اور عدم استحکام پیدا نہ ہو ، ہمیں چاہئے کہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق رکھیںاور اخوت، رواداری، تحمل اور برداشت کو فروغ دیں۔ رمضان المبارک اس قدر با عظمت اور مبارک مہینہ ہے کہ جس کے بارے میں ہمارے حضور نبی کریم  ؐ کی احادیثِ مبارکہ میں سے یوں روشنی ملتی ہے کہ ایک دن آپؐ نے اپنے منبر مبارک کی پہلی سیڑھی پر قدم مبارک رنجہ فرمایا تو فرمایا آمین اور پھر دوسری سیڑھی اور تیسری سیڑھی پر قدم مبارک رنجہ فرمایا تو پھر فرمایا آمین۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔

مزیدخبریں