لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پی سی بی میں تبدیلیاں یقینی قرار دی جا رہی ہیں، اور اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے قریبی دوستوں اور پی سی بی میں اپنے ساتھیوں سے مشاورت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم نہ ہونے پر رمیز راجہ اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ آج سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران پی سی بی میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیوں کا قوی امکان ہے جبکہ چیئر مین پی سی بی عہدے سے الگ ہونے کا ذہن بنا چکے ہیں، چیئرمین کے مقرر کردہ افراد کا مستقبل بھی روشن نہیں ہے۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرن ان چیف پاکستان کرکٹ کی حیثیت سے رمیز راجہ اور اسد علی خان کی گورننگ بورڈ کیلئے نامزدگیاں کی تھیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کے برطرف ہونے کے بعد پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر میں تبدیلی ہوگی اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ دوبارہ بحال ہو سکتی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیئرمین سمیت بڑی عہدوں پر موجودہ دور حکومت میں فائز ہونے والی شخصیات کی بھی کانپیں ٹانگنے لگی ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد پی سی بی میں بھی بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت سے منسلک پی سی بی میں بڑی وکٹیں گرنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ سب سے پہلے چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ جن کو عمران خان کا قریبی ساتھ اور سپورٹ حاصل تھی ،ان کی کرسی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ رمیز راجہ نے کسی بھی خطرے کے پیش نظر قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ رمیز راجہ بھی عمران خان کے جانے کے بعد چیئرمین شپ کے خواہشمند نہیں، رمیز راجہ بورڈ کے 36ویں چیئرمین ہیں جو 13 ستمبر 2021 کو منتخب ہوئے۔ انہیں پی سی بی کے پیٹرن ان چیف اور اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیئرمین احسان مانی کے مستعفی ہونے کے بعد بورڈ کا چیئرمین بنایا تھا۔رمیز راجہ کا پاکستان کرکٹ بورڈ کا چارج سنبھالتے ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنا دورہ منسوخ کر کے واپس چلی گئی اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے بھی دورہ پاکستان سے انکار کردیا ،لیکن اس کے باوجود آسٹریلیا کا 24 سال بعد رمیز راجہ کے دور میں پاکستان کا دورہ کرنا ان کی کامیوں میں شمار کیا جائے گا ،پاکستان سپر لیگ کے مکمل اور کامیاب انعقاد کا کریڈیٹ رمیز راجہ کو جاتا ہے۔ ان کے دور میں قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔