لاہور ( خصوصی نامہ نگار) نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے عمران خان کی ظالمانہ حکومت کے خاتمے پر جمہوری قوتوں کو مبارکباد دی ہے اوراس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی حکومت عوام کے دکھوں کا مداوا کرے گی۔ مہنگائی بیروز گاری سے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ عدلیہ نے آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا، جمہوری عمل کومکمل کروایا ،حالانکہ عمران خان نے اقتدارسے چمٹے رہنے کا ہر حربہ استعمال کیا جسے اپوزیشن نے آئینی طریقے سے ناکام بناکر اسے رخصت کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع ہونے سے سیاسی کارکنوں اور آئین کی فتح ہوئی ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عوام دوست پروگرام دیا جائے۔
عمران خان نے اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ریاست مدینہ ،امر بالمعروف ،اسلاموفوبیا جیسی مذہبی اصلاحات کو بھی استعمال کرنے کی کوشش کی۔ ڈپٹی سپیکر کی غیر آئینی رولنگ کے ذریعے عمران خان نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی، مگر ناکام رہا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بھی آئین شکنی کے مرتکب ہوئے۔ غیر آئینی رولنگ پر انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن اوراپوزیشن لیڈر کو نگران وزیراعظم کی تقرری کے لیے خطوط لکھ کر عمرانی سازش کا حصہ بنے مگر اپنے فاشسٹ لیڈر کو بچا نہیں سکے۔ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا اقتدار اور جمہوریت کے لیے جمہوری رویہ اختیار کرنا پڑتے ہیں ،جو کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی حکومت کے دور میں ناپید ہے۔ جب آخرکچھ نہ بن سکا تو نام نہاد امریکی مخالفت کا کارڈ کھیلنے کی کوشش کی گئی گر اس میں بھی ناکام رہے۔