پشاور (بیورو رپورٹ) محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا کے ساتھ جھڑپ میں ٹی ٹی پی کے مقامی گروپ کے کمانڈر و نائب کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 فرار ہوگئے، مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے موٹرسائیکل میں نصب آئی ای ڈی بم، جدید و خودکار اسلحہ اور دیگر مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔ کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پشاور ہیڈکوارٹر سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ شب رات گئے سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور مقامی پولیس نے مصدقہ اطلاع پر تھانہ ہوید کی حدود علاقہ زندی فلک شیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا آغاز کردیا۔ اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی، اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو مار دیا جن کے قبضہ سے 3 کلاشنکوف، 12میگزینز، 9 ایم ایم پستول، 30 بور پستول، سینکڑوں کارتوس، موٹر سائیکل میں نصب شدہ آئی ای ڈی بم، 3بنڈولوئر، شناختی کارڈ، نقد رقم، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ بیان کے مطابق آپریشن کے دوران چند دہشت گرد فرار بھی ہوئے جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ جبکہ ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے جن کا تحریک طالبان پاکستان کے لوکل کمانڈر اختر محمد عرف خلیل گروپ اور کمانڈر زرگل عرف آنکل گروپ سے تھا۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت شاہ فہد عرف شاہد عرف محمود ٹارگٹ کلر لوکل کمانڈر، نورالدین عرف خالد عرف حافظ عرف ہلال ٹارگٹ کلر لوکل نائب کمانڈر، صابرین عرف ابو ہریرہ عرف ابوبکر ٹارگٹ کلر، شیرمان اللہ عرف سراج اکبر خان (ٹی ٹی پی اختر محمد جانی خیل گروپ) اور محمد اقبال عرف خالد کے نام سے ہوئی ہے۔
بنوں آپریشن ، ٹی ٹی پی مقامی گروپ کمانڈر ، نائب سمیت 5 دہشتگرد ہلاک
Apr 11, 2022