راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار سے نکالنے کے خلاف راولپنڈی کے عوام کے ساتھ مل کر جیل بھرو تحریک چلائوں گا۔ میں راولپنڈی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لال حویلی کی بالکونی سے احتجاجی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں۔ اس مہینے نقشہ بدلے گا۔ آج میں نے عمران خان سے آخری بات کی ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے دے دیں۔ آج دوبئی، کینیڈا میں مظاہرے ہوئے ہیں ان کو پتہ لگ جائے گا کہ کتنی بڑی غلطی کر بیٹھے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ جس پر فرد جرم لگنی ہے وہ کل وزیراعظم بننے جا رہا ہے۔ ہم جیلیں بھریں گے۔ ملک میں حالات خانہ جنگی کی طرف جا رہے ہیں۔ ایک ہی مسئلہ کا حل ہے فوری طور پر عام انتخابات کرائے جائیں۔ میں کراچی سے خیبر تک نکلوں گا۔ ہر روز لال حویلی سے جیل بھرو مظاہرہ کریں گے۔ عمران خان کے پیچھے پوری قوم کو اکٹھا کروں گا۔