کراچی(نعیم اختر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ ڈویژنل اورضلعی عہدیداران نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار تحریک عدم اعتماد کے ذریعے سلیکٹڈ عمران حکومت کے خاتمے کو تاریخ ساز قرار دیا ہے۔ لیبر ونگ سندھ کے صدر سید منور رضا‘ سندھ کے سینئر صوبائی نائب صدر رانا محمد احسان‘ سندھ کے نائب صدر اور شہباز شریف سیکریٹریٹ ‘ کیماڑی کے انچارج خواجہ غلام شعیب،ضلع وسطی کے صدر اسلم خٹک‘ لائرز ونگ کے رہنما امجد علی ایڈووکیٹ‘ مسلم لیگ سکھر کے سابق ضلعی صدر سردار شہزاد عاصی‘ سابق ضلعی جنرل سیکرٹری دلاور خان نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت کے خاتمے پر قوم نے شکرانے کے نوافل ادا کئے ہیں نااہل حکمرانوں نے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے تھے معیشت تباہ کردی ادارے تباہ و برباد کردیئے جس سے ملک انارکی کی جانب گامزن تھا مگر حکومت کے خاتمے سے اب ملک میں سیاسی استحکام آئے گا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ رہنمائوں نے کہا کہ متوالے آج میاں شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر جشن منائیں گے۔ گھروںپر چراغاں ہوگا۔ ریلیاں نکالی جائینگی۔ مٹھائی تقسیم ہوگی۔ ملک و قوم کے استحکام کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام ہوگا۔
نااہل حکمرانوں کے جانے پر قوم نے شکرانے کے نوافل ادا کئے‘ پورے ملک میں ہر طرف جشن‘ جمہوری قوتوں کی فتح‘ منور رضا،رانا محمد احسان
Apr 11, 2022