لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی صوتحال سب کے سامنے ہے۔ مجھ پر وزیر آباد حملے کے تفیتشی کے مرنے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ غیرت کی زندگی گزارنے کے لیے سچا اور منصب (صادق اور امین) ہونا لازمی ہے۔ زمان پارک میں کارکنوں کے ہمراہ افطار کے بعد خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرے سیاسی کیریئر میں میانوالی کی بہت اہمیت ہے اور میں اسے کسی صورت نہیں بھول سکتا، اگر میانوالی والے مجھے ایم این اے نہ بناتے تو میری سیاست نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ’غیرت کی زندگی کے لیے صادق اور امین ہونا اور اسلام پر چلنا ضروری ہے، اگر عزت پیسے سے ہوتی تو ’لندن جانے والے بھگوڑے‘ کی عزت ہوتی۔ لیڈر وہی ہوتا ہے جو صادق اور امین ہو۔ خوف، پیسے یا کسی بھی بت کے سامنے خوف کی وجہ سے جھکنے والا مشرک ہے اور میری نظر میں وہ سب سے بڑا شرک کرتا ہے‘۔ عمران خان نے کہا کہ جب میں بچپن میں صبح کی نماز پڑھتا تھا تو مجھے اثر نہیں ہوتا تھا۔ مجھے سمجھ ہی نہیں تھی میں کیا پڑھ رہا ہوں۔ نماز دین کی بنیاد ہے۔ جب تک سمجھ نہ آئے آپ پڑھ کیا رہے فائدہ نہیں ہوتا۔ عمران خان نے مزید کہا ہے کہ دین ہمیں اشرف المخلوقات بناتا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے ایس ایچ او عامر شہزاد کی دل کا دورہ پڑنے سے موت کی باضابطہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایچ او عامر شہزاد نے وزیرآباد میں مجھ پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کیا۔ قاتلانہ حملے کے منصوبے کے پیچھے کارفرما عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے عامر شہزاد ایک کلیدی گواہ تھا۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر رضوان اور مقصود چپڑاسی سمیت شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کے دیگر تمام گواہان کی پراسرار اموات سب کے سامنے ہیں۔
منی لانڈرنگ کیس سامنے ، وزیر آباد حملہ ، تفتیشی کے مرنے کی تحقیقات ہونی چاہئے ، عمران
Apr 11, 2023