کابینہ کمیٹی انسداد ڈینگی کا اجلاس‘ مانیٹرنگ‘نظام سرویلنس بہتر بنانے کا فیصلہ


لاہور (نےوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا ایک اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ میں پیر کے روز منعقد ہوا جس میں ڈینگی کی مانیٹرنگ، رپورٹنگ اور سرویلنس کا نظام بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جمال ناصر، ڈاکٹر جاوید اکرم،اظفر علی، منصور قادر، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکموں کے سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے باعث چلنے پھرنے سے معذور افراد کی بحالی کیلئے پانچ شہروں میں پیراپلیجک سینٹر زکے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے روائتی طریقہ کار کی بجائے موثر نظام وضع کیا جائے اورانسداد ڈینگی سرگرمیوں کیلئے ہسپتالوں کے موجودہ وسائل کو استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارکوں اور کھلی جگہوں پر ڈینگی لارو ا کی تلفی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے سائنسی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ ڈینگی کے حوالے سے جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں ڈینگی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو سموگ کی روک تھام سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔

ای پیپر دی نیشن