لاہور(نیوز رپورٹر ) لاہور جنرل ہسپتال کی رواں سال کے پہلے90دنوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوری سے مارچ تک مجموعی طور پر 5لاکھ67ہزار466مریضوں کا علاج معالجہ عمل میں لایا گیا ہے فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی بارے پرنسپل کو آگاہ کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز پر زور دیا کہ ہمیں جنرل ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کی کوشش کرتے رہنا ہے،مجموعی طور پرعلاج گاہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے اور آئندہ بھی سکیورٹی اور دیگر امور کو اپ ڈیٹ رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ انتظامی ڈاکٹرز اور نرسنگ سپروائزر راو¿نڈ کے دوران واٹس ایپ کے ذریعے اپنی کارکردگی سے ایم ایس آفس کو آگاہ رکھیں،اے ایم ایس و ڈی ایم ایس صاحبان سکیورٹی گارڈز کی کارکردگی پر نگاہ رکھیں اور تمام شعبوں میں صفائی ستھرائی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔