لاہور، اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے پر بحث ہو رہی ہے۔ ٹوئٹس میں نجم سیٹھی نے کہا کہ کئی ماہ سے کرکٹ کے حلقوں میں بابر اعظم کو کپتان برقرار رکھنے کے فائدے اور نقصان پر بحث ہو رہی ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین کا ہے، میں نے پہلے چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاہد آفریدی اور اب ہارون رشید کے خیالات جانے، دونوں کمیٹیوں کا خیال تھا کہ یہ بات میرٹ پر پورا اترتی ہے کہ اس پر بحث ہو، اس کے بعد دونوں اس نتیجے پر پہنچے کہ صورت حال جوں کی توں رہنی چاہیے۔میں نے پبلک میں اس تمام صورت حال کو بیان کیاحتمی تجزیہ یہ ہے کہ اس کا فیصلہ موجودہ صورت حال کی کامیابی اور ناکامی سے مشروط ہو گا۔چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا کہ آگے بڑھنے کیلئے سلیکٹرز، ڈائریکٹرز کرکٹ آپریشنز اور ہیڈ کوچ میری رہنمائی کریں گے۔ مجھے توقع ہے کہ وہ مجھے مشورہ دینے کیلئے بہترین پوزیشن میں ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بابر اعظم کو سپورٹ کرنا چاہیے اور اس معاملے کو قومی ٹیم کے مفاد میں متنازع نہیں بنانا چاہیے۔