صنعا(این این آئی) یمنی باغی گروپ کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب نے ایک درجن سے زائد حوثی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ رہائی ایسے وقت کی گئی جب عمانی حکام یمن کے دارالحکومت صنعا پہنچے ہیں۔ یمن کے برسوں سے جاری تنازع کو ختم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کے تناظر میں رہائی کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔قیدیوں کے تبادلے کی بات چیت کے انچارج حوثی عہدیدارعبدالقادر المرتضی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ 13 حوثی قیدی صنعا پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو ایک سعودی قیدی کے بدلے رہا کیا گیا ہے جسے حوثیوں نے پہلے رہا کیا تھا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ باغیوں نے سعودی قیدی کو کب رہا کیا۔دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں عبدالقادر المرتضی نے کہا سعودی جیلوں سے آج رہا ہونے والے قیدی اقوام متحدہ کے ذریعے طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہیں، اور اگلے جمعرات کو اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔