ننکانہ صاحب (نامہ نگار) تھانہ صدر ننکانہ صاحب کے نواحی گائوں لیٹاںکے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں بین الاضلاعی خطرناک ریکارڈ یافتہ ڈکیت ہلاک، تین ڈاکو موٹر سائیکل اور پسٹل چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ گذشتہ رات چار نامعلوم ڈاکو واردات کر رہے تھے کہ 15 کی کال پر رسپانس کرتے ہوئے تھانہ صدر ننکانہ پولیس موقع واردات پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلہ میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جبکہ تین ڈاکو ایک پسٹل اور اپنی موٹر سائیکل سمیت اپنے زخمی ساتھی کو موقعہ پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملزم کو پولیس ڈی ایچ کیو ہسپتال لے جا رہی تھی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ثقلین عباس کے نام سے ہوئی جو کہ ضلع فیصل آباد کے گائوں چک نمبر 364 گ ب جڑانوالہ کا رہائشی تھا۔ ملزم کے خلاف ضلع فیصل آباد کے تھانہ روڈالہ روڈ، ضلع حافظ آباد کے تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں اور ضلع ننکانہ کے تھانہ سید والا میں ڈکیتی و چوری سمیت 14 مقدمات درج تھے۔