لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی فل بینچ نے عمران خان کو ان کی جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ دوران سماعت فاضل بینچ نے درخواست گذار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ پارٹی چیئرمین کو ہٹانے کے حوالے سے کس طرح متاثرہ فریق ہیں۔ عدالت نے درخواست گذار سے کہا کہ آپ کو اعتراض ہے تو کسی دوسری پارٹی میں چلے جائیں۔ جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بینچ نے لاہور کے مقامی شہری محمد جنید کی دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور اور جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔ درخواست میں عمران خان اور چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ پارٹی چیئرمین کو ہٹانے کے کس طرح متاثرہ فریق ہیں، جس پر وکیل نے کہا میں ایک ووٹر اور ملک کا شہری ہوں۔ عدالت نے استفسار کیاکہ آپ کو اعتراض ہے تو کسی دوسری پارٹی میں چلے جائیں۔ عدالت نے درخواست گذار سے سوال کیا کہ آپ کی یہ پہلی پٹیشن ہے، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار کی یہ پہلی پٹیشن ہے۔ بعدازاں عدالت نے درخواست گذار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔