کراچی (سٹاف رپورٹر)تنظیم المدارس کے سربراہ مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں مردم شماری پر تحفظات پائے جاتے ہیں۔محض چوراہوں اور فلائی اوورز پر بینر لٹکانے اور میڈیا پرروزانہ کی بنیاد پربیان جاری کرنے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ایک بیان میں مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ کراچی میں مردم شماری کے بارے میں تحفظات کے ازالے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے بیان بازی یا بلیم گیم کے بجائے درست سمت میں اقدام کرنا چاہیے۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے:ملک میں مردم شماری کا عمل قریب الاختتام ہے، کراچی میں ہونے والی مردم شماری کے بارے میں سیاسی جماعتوں کے تحفظات اور اعتراضات سامنے آرہے ہیں اور یہ الزام لگایا جارہا ہے کہ کراچی کی مردم شماری درست طریقے سے نہیں ہورہی۔ پس بے مقصد بیان بازی اور بلیم گیم میں الجھنے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کو باہم مل کر اس کا حل نکالنا چاہیے کراچی کی درست مردم شماری خود صوبہ سندھ کے بھی مفاد میں ہے کہ ممکنہ طور پر اس کی بنیاد پر قومی اسمبلی میں صوبہ سندھ کی نشستوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس وقت جماعتِ اسلامی اور ایم کیو ایم کو اس پر اعتراضات ہیں اور ظاہر ہے کہ مقابل فریق پیپلز پارٹی ہے جو صوبہ سندھ میں عرصے سے حکمران ہے ،لہذا ان تینوں اسٹیک ہولڈرز کوچاہیے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مل بیٹھیں ،اس میں نادرا اور محکمہ شماریات کے سربراہان کو بھی شامل کیا جائے تاکہ طریقہ کار اور فنی امور کے بارے میں ان سے رہنمائی لی جاسکے اور اگرخدشات غلط ہیں تو وہ اپنی پوزیشن کی وضاحت کرسکتے ہیں۔