لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں یوٹیلٹی سٹورز پر کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی عدم دستیابی کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ شہری اعظم بٹ نے اپنے وکیل رانا سکندر کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں نشاندہی کی گئی کہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، گھی اور چینی سمیت دیگر ضروری اشیاء دستیاب نہیں، وکیل کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر کھانے پینے کی بنیادی اشیاء فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رمضان کے مہینے میں انتظامیہ آٹا اور گھی سمیت دیگر اشیاء فراہم کرنے میں ناکام ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست میں وکیل نے استدعا کی کہ یوٹیلٹی سٹورز پر بنیادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔