آمروں نے آئین روندا‘ نام نہاد پارٹیوں نے بھی پیروی نہ کی: سراج الحق

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فوجی ڈکٹیٹروں نے آئین کو روندا تو نام نہاد سیاسی جماعتوں کی حکومتوں نے بھی اس کی پیروی نہیں کی۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی بتائیں آئین کو کیوں پس پشت ڈالا؟ آئین کے مطابق کوئی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بن سکتا، ہمارے یہاں سودی نظام دھڑے سے چل رہا ہے۔ آئین میں شہریوں کے حقوق کی مکمل ضمانت ہے یہاں استحصال ہورہا ہے، اکثریت کو صحت کی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں، ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ 80فیصد آبادی صاف پانی تک سے محروم ہے۔ عدالتوں میں انصاف نہیں، طاقتور قانون کو روندتا ہے۔ انھوں نے ہی معیشت تباہ کی، آج روپیہ کی قدر محض کاغذ کے ٹکڑے جتنی رہ گئی ہے۔ پاکستان کو دشمن کے بموں سے زیادہ آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے۔ آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات ہو رہی ہیں۔ پارلیمنٹ میں بڑے بڑے خطابات ہوئے، ایک دوسرے کو مبارک بادیں دی گئیں، مگر ایٹمی اسلامی پاکستان کے غریب آٹے کی لائنوں میں مر رہے ہیں۔ اب قوم اپنے حق کے لیے کھڑی ہو، غاصبوں اور لٹیروں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کرے اور جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ میں جماعت اسلامی کے امیدوار صوبائی اسمبلی میاں عبدالرؤف ایڈووکیٹ کی جانب سے دی گئی افطار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک استعماری ایجنڈے پر چل رہا ہے۔ استعمار پاکستان کو لیبیا، شام کی طرح بنانا چاہتے ہیں اور حکمران ان کے ایجنڈے کی پیروی کی طرف چل رہے ہیں۔ بہترہو گا کہ سیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں، قوم کو فیصلہ کرنے کا موقع دیں اور پورے ملک میں بیک وقت انتخابات کے لیے ڈائیلاگ کا آغاز کریں۔

ای پیپر دی نیشن