عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کوانتخابات کیلئے 21 ارب نہ ملنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پربیان میں شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی کو ڈبیٹنگ کلب بنا دیا گیا جہاں عوام کی خواہشوں اور ان کے ووٹ کے حق کا خون ہو رہا ہے ،سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کمیشن کو 21 ارب نہیں ملے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی گئی ، آئین اور قانون کو نہ تھاما گیا تو یہ نہ ہو سب ہاتھ ملتے رہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ سارے ہتھکنڈے چوروں کے ٹولے کو عوام پر مسلط رکھنے کیلئے کئے جا رہے ہیں، عوام کی امنگوں کو کچلا جا رہا ہے، الیکشن روکنے اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھاگنے کیلئے 10 روز میں کابینہ کے ریکارڈ 10 اجلاس ہوئے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ جو آئین کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلے گا اس کا انجام برا ہوگا، عوام ووٹ کے ذریعے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔