سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر الباحہ میں موسم نے اس وقت غیر معمولی صورت حال اختیار کرلی جب بارش کے ساتھ ساتھ اولے بھی پڑنے لگے۔ ژالہ باری اس قدر زیادہ تھی کہ سفید اولوں نے اس کے پہاڑوں اور شاہراہوں کو ڈھانپ لیا۔ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی اس ژالہ باری نے متعد سڑکوں کو بند کر دیا اور ٹریفک بھی شدید متاثر ہوگئی۔الباحہ کی میونسپلٹی کی ہنگامی ٹیموں نے گلیوں اور سڑکوں پر پڑنے والے اولوں کو ہٹانے کا کام شروع کردیا۔ الباحہ اور اس کے پہاڑ اور پارکوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔علاقے میں طلباء و طالبات اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اور محکمہ تعلیم نے ایک دن کے لیے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ موسم خوشگوار اور معتدل سرد ہوگیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف انوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر بھی نکل آئی۔ نوجوانوں نے برف کے ساتھ اٹھکیلیاں کرنا شروع کر دیں۔الباحہ میں شہری دفاع کی ٹیموں نے خطے کے بیشتر گورنریٹس میں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری بڑھا دی ہے اور متعدد گشتی اور فعال ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔اسی تناظر میں متعلقہ حکام نے شہریوں، رہائشیوں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو خبردار کیا کہ وہ موسم کی تبدیلیوں کو مد نظر رکھیں اور گھروں سے نکلتے وقت احتیاط برتیں۔