بلوچستان کے علاقے حب میں شاہ نورانی جانے والا زائرین سے بھرا ٹرک کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے۔درگاہ شاہ نورانی المناک حادثے میں جاں بحق 17 افراد کی میتیں ٹھٹھہ میں گاؤں قاسم جوکھیو پہنچا دی گئیں جبکہ گاؤں قاسم جوکھیو میں تدفین کی تیاری کرلی گئی۔میتوں کی تدفین کے حوالے سے مقامی قبرستان میں اجتماعی قبر تیار کرلی گئی، جاں بحق افراد کی اجتماعی تدفین دوپہر 12 بجے ہوگی۔مرنے والوں میں 14 افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے، جاں بحق افراد کی عمریں 15 سے 55 سال کے درمیان ہیں۔حادثے سے پہلے درگاہ پر روانگی کی ویڈیو آج نیوز کو مل گئی، ٹھٹھہ سے درگاہ شاہ نورانی جانے والا ٹرک کھائی میں جاگرا تھا، ٹرک پر گاؤں قاسم جوکھیو کے 100 سے 120 افراد سوار تھے۔ٹرک حادثے میں جاں بحق تمام افراد کا تعلق مکلی ضلع ٹھٹھہ کی سالار جوکھیو برادری سے تھا، تمام افراد قاسم گوٹھ کے مکین تھے جو ہر سال زیارت پر شاہ نورانی دربار جاتے تھے، حادثہ درگاہ سے 20 کلو میٹردور دو ٹرکوں کی ریس کی وجہ سے پیش آیا تھا۔ایس ایچ او نے بتایا تھا کہ شاہ نورانی کے قریب ہونے والے حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور نیا تھا، اسے راستے کا پتہ نہیں تھا، حادثہ اتفاقی ہوا، ڈرائیور شاہ نورانی سے زائرین کو لے کر نکلا تھا، ہلاک ہونے والے تمام افراد مرد ہیں، یہ زائرین ہر سال عید پر شاہ نورانی جاتے ہیں۔