صحافیوں کے انڈومنٹ فنڈ کےلئے 20 کروڑ کا اعلان: ڈیکلیریشن کو آسان کر دیا ہے‘ گیلانی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدےداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اخبارات کے ڈیکلریشن کا طریقہ کار انتہائی آسان کر دیا‘ میں خود کو صحافی برادری کا فرد سمجھتا ہوں‘ صحافت صرف پیشہ نہیں طرز احساس کا نام ہے۔ قوم توقع کرتی ہے کہ صحافی اپنی خواہش کو خبر نہ بنائیں۔ توقع ہے صحافی غیر جانبدارانہ حیثیت برقرار رکھیں گے۔ اداروں پر افراد کو ترجیح نہ دی جائے۔ وزیراعظم نے پیشہ وارانہ فرائض کے دوران شہید یا زخمی ہونے والے صحافیوں کے لئے فنڈ قائم کیا ہے۔ وزیراعظم نے صحافیوں کے انڈومنٹ فنڈ کے لئے 20 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے نیشنل پریس کلب کے لئے ایک کروڑ روپے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کی شاندار عمارت تعمیر کرنے‘ سینئر صحافی نعیم اللہ کے لئے 10 لاکھ روپے ارو کیمرہ مین اسرار احمد کے لئے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں نے تحریک پاکستان کی جدوجہد میں شاندار کردار ادا کیا۔ ہر جبر اور تسلط کے دور میں اہلیان صحافت نے قلم سے جہاد کیا۔ جمہوریت کا ذکر صحافت کے ذکر کے بغیر ادھورا ہے۔ صحافیوں نے جمہوریت کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں‘ کوڑے کھائے‘ شہید بھٹو اور بےنظیر بھٹو صحافتی حلقوں کی جدوجہد میں شامل رہے۔ ہمارے دور میں اختلافات کی وجہ سے نہ تو ادارہ بند کیا گیا نہ پابندیاں لگیں۔
گیلانی / صحافی

ای پیپر دی نیشن