اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی حکومت کی سخت مذمت کی ہے کہ ایک سادہ سی صورتحال پر ان کے زیادہ ردعمل سے پورا صوبہ جام ہو کر رہ گیا جس سے عوام سخت ترین مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں وہ نہ سفر کر سکتے ہیں نہ ہی روزانہ مزدوری کرکے اپنا پیٹ پالنے والے روزی کما سکتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اس بات پر حیرت ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے ماڈل ٹائون کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دی جانے والی کال پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ڈاکٹر قادری ایک جذباتی شخص ہو سکتے ہیں ان سے کوئی ہمدردی نہیں لیکن یہ بات عقل سے ماورا ہے کہ عام عوام کو ڈاکٹر قادری کی کال کی سزا کیوں دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے اہم شہروں کی تمام سڑکیں کنٹینر رکھ کر بند کر دی گئی ہیں لوگ ہسپتال‘ دکان اور پٹرول پمپ تک بھی نہیں پہنچ سکتے اور نہ ہی اپنے لئے کھانے پینے کا بندوبست کر سکتے ہیں، نجی ٹرانسپورٹ نہیں چل رہی یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے اتنے شدید ردعمل کا اظہار کیوں کیا اور اس کے باوجود وہ کچھ بھی حاصل نہ کر سکے۔ ایسا لگتا ہے کہ پنجاب حکومت خوف اور مایوسی کی شکار ہے۔ کچھ عرصہ قبل ہی سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے اسلام آباد میں مارچ اور دھرنے سے احسن طریقے سے نمٹا تھا۔ شہباز شریف حکومت لاہور کی صورتحال سے نمٹنے میں قطعی ناکام ہو گئی لگ رہا ہے کہ اس نے مکھی کو توپ سے مارنے کی کوشش کی ہے اور اس عمل میں عوام کا سماجی اور معاشی نقصان ہوا۔ صوبائی حکومت فوری طور پر سڑکوں سے رکاوٹیں اٹھائے اور طاہر القادری سے تشدد کے بغیر نمٹے۔ جو بھی آئین اور سیاسی ڈھانچے کو ہٹ دھرمی سے سڑکوں پر نکل کر گرانے کی کوشش کرے اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے تاہم ایسا کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ عوام کو مزید مشکلات درپیش نہ ہوں جو پہلے ہی لوڈشیڈنگ‘ بیروزگاری اور لاقانونیت کے عذاب میں مبتلا ہیں۔