لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس کے سربراہ مشتاق احمد سکھیرا نے 14اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کو روکنے کیلئے پولیس کے لیے 50 کروڑ روپے فنڈز مانگے ہیں جبکہ تاحال پولیس کو صرف 9 کروڑ روپے ہی ملے ہیں۔ گزشتہ روز یوم شہداء کے اختتام کے بعد پولیس کو آج ایک دن کے آرام کے بعد آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کو روکنے کیلئے کل اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی آدھی نفری اسلام آباد بھجوائی جائے گی جبکہ باقی نفری کو پنجاب کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کیا جائے گا تاکہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو 14 اگست کو ہونے والے مارچ میں شرکت سے روکا جا سکے۔ پنجاب پولیس کے جوانوں کو آنسو گیس شیل اور ربڑ کی مزید گولیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے محکمہ پولیس کے پاس ٹرانسپورٹ کی شدید کمی کے باعث پرائیویٹ بسوں اور ویگنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی گزشتہ رات گئے سے شروع کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے آزادی اور انقلاب مارچ روکنے کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز مانگ لیے
Aug 11, 2014