لاہور (سٹاف رپورٹر) آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے احکامات کے باوجود گزشتہ روز رکاوٹیں نہیں ہٹائی گئیں۔ گزشتہ روز چند گھنٹوں کیلئے کچھ مقامات سے رکاوٹیں ہٹائی گئیں تاہم دوبارہ رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔ بابو صابو انٹر چنیج، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ انٹرچینج میں کنیٹنرز لگانے سے ہزاروں عام شہریوں کیساتھ دوسرے شہروں سے آنیوالی متعدد باراتیں بھی ٹریفک میں پھنسی رہیں اور انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ رکاوٹیں عبور کرنے کی کوششیں کرنے والے متعدد افراد کو عوامی تحریک کے کارکن کے شبہ میں حراست میں لیا گیا اور تفتیش کیلئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی وجہ سے ایمبولینسس بھی پھنسی رہیں اور مریض درد اور تکلیف کی وجہ سے ایمبولینسس میں تڑپتے رہے۔ گزشتہ روز بھی شہری کنیٹنروں کے نیچے،کھیتوں ،کشتیوں کے ذریعے اور پیدل سفر کرتے رہے جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
راستے بند ہونے سے کئی باراتیں اور ایمبولینس پھنسی رہیں، مریض تڑپتے رہے
Aug 11, 2014