لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی والدہ تنویر فاطمہ گزشتہ روز امریکہ میں وفات پاگئیں۔ انہیں امریکہ ہی میں سپردخاک کیا جائے گا۔ تدفین کے موقع پر ڈاکٹر عائشہ غوث جانے کی خواہش مند ہیں تاہم 14 اگست کو پنجاب حکومت صوبے میں خدمت کارڈ کا اجراء کررہی ہے جس کی تقریب میں وزیر خزانہ پنجاب کی شرکت ضروری ہے لہٰذا وہ 14 اگست سے پہلے پاکستان واپسی کی ٹکٹ کنفرم ہونے کی صورت ہی میں امریکہ جاسکیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری اور پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن رانا محمد ارشد نے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔