کوئٹہ + اورکزئی ایجنسی (نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع کوہلو میں کالعدم تنظیموں کے کمانڈروں سمیت 12 اور سبی میں 50 فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں جبکہ لوئر اورکزئی ایجنسی میں کالعدم تحریک طالبان کے 12دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ثاقب مری، مولابخش، محمد خان، شابو، شیر گل، باز گل، محمد گل، میر گل اقوام مسوری بگٹی کنور خان، نورعلی، رازق اور محمد خان نے کوہلو میں سکیورٹی فورسز کے سامنے خود کو قانون کے حوالے کیا۔ مقامی انتظامیہ نے تمام افراد سے ملک وقوم سے وفاداری کرنے کا حلف لیا، انہیں حکومتی اقدام کے تحت راشن اور نقد رقوم بھی فراہم کی گئیں، ہتھیار ڈالنے والے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے۔ ادھر پیر کے روز لوئراورکزئی ایجنسی کے علاقہ کلایہ میں فورسز کو دہشت گردی سمیت دیگر واقعات میں مطلوب تحریک طالبان کے 12دہشت گردوں شاہد، عبداللہ ، میر خان،عید اللہ، امین اللہ، محمد امین، عرفان، حضرت محمد، میلا خان، سپین میر خان، محمد عدیل، دین اللہ نے ہتھیار ڈال کر خود کو فورسز کے حوالے کر دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اہم دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان اورکزئی ایجنسی اسلم فاروقی گروپ سے ہے۔ اسلم فاروقی تحریک طالبان پاکستان کا اہم اور سرکردہ کمانڈر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہتھیار ڈالنے والے شدت پسند دہشت گردی کے مختلف واقعات میں مطلوب تھے۔ حکام کے مطابق ہھیار پھینکنے والے دہشت گرد اس وقت سکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہیں۔ یاد رہے اتوار کے روز ہنگو میں تحریک طالبان کے اہم کارکن ریاض من شاہ سکنہ اورکزئی ایجنسی حال درویزی پلوسہ ہنگو نے بھی ہتھیارڈال کر خود کو فورسز کے حوالے کر دیا تھا۔ علاوہ ازیں سبی میں سکیورٹی حکام کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے 50 فراریوں میں اہم فراری کمانڈر بھی شامل ہیں۔ فراریوں نے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا۔