بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت) اوباش نوجوان نے شادی شدہ خاتون اور اُسکی دو کمسن بچیوں پر رات کو سوتے میں تیزاب پھینک دیا، خاتون کو تشویش ناک حالت میں لاہور ریفر، ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ ٹائون کا رہائشی محمد پرویز اپنی بیوی شہناز بی بی اور دو کمسن بچیوں میں اریج اور نمرہ کے ہمراہ اپنے گھر میں سویا ہوا تھا۔ پڑوسی احمد حسن نامی نوجوان جو کہ محمد پرویز کی بیوی شہناز بی بی پر بری نظر رکھتا تھا۔ گزشتہ رات اپنے دوست رشید عرف شیدی کے ہمراہ پرویز کے گھر گھس گیا اور سوتے میں شہناز بی بی اور اُسکی دو بیٹیوں اریج اور نمرہ پر تیزاب پھینک دیا جس سے وہ بُری طرح جھلس گئیں۔ شہناز بی بی کو تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ اریج اور نمرہ ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر میں زیرعلاج ہیں۔ آر پی او بہاولپور احسان صادق اور ڈی پی او بہاولنگر نے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن انسپکٹر چوہدری ندیم اقبال نے فوری طور پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔